کولار:10؍ستمبر(ایس اؤ نیوز)کولار ضلع ، کے جی ایف تعلقہ کے مرد گھٹا دیہات میں گنیش وسرجن کے دوران 6بچے ندی میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے، واردات منگل کی شام کو پیش آئی۔ مرنے والوں کی شناخت رکشھتا، اس کی بہن تیجا، وشنوی ، وینا ، روہیت اور دھنوش کی حیثیت سے کی گئی ہے، ان سبھی کی عمریں دس سے 14 سال کی ہیں۔
ذرائع سے ملی اطلاع کے مطابق آج 10/محرم ہونے کی بناء پر اسکول میں چھٹی تھی، جس کو دیکھتے ہوئے دیہات کے 8بچے کھیل کھیل میں جھیل کی چکنی مٹی کی مدد سے اپنے ہی ہاتھوں سے گنیش کی مورتی بنا کر پہلے پوجا کی پھر اس گنیش کی مورتی کو وسرجن کے لئے ندی میں لے گئے جس کے دوران یہ حادثہ پیش آیا۔ 8 بچوں میں سے دو بچے بچ گئے ہیں، البتہ چھ بچے ندی میں غرق ہوکر ہلاک ہوگئے۔ بچوں کی نعشیں بر آمد کرلی گئی ہیں۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی پولس جائے وقوع پر پہنچ گئی اور معائنہ کرتے ہوئے کیس درج کرلیا۔